نئی دہلی، 5؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) صدر رام ناتھ کووند نے ہفتہ کو ہلاکت خیز کورونا وبا کے دوران اساتذہ کے کام کرنے کے انداز میں تبدیلی پر زور دیا اور کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران اساتذہ نے تعلیم کے آن لائن میڈیم کے ہر چیلنج کو قبول کیا اور اسٹوڈنٹس کی مدد کی اور بلاتعطل تعلیم کیلئے مضبوط اقدامات اٹھائے۔ٹیچرز ڈے کے موقع پر اپنے مبارکبادی پیغام میں مسٹر کووند نے کہاکہ ٹیچرز ڈے کے موقع پر جو مشہور ماہر تعلیم، فلسفی اور ہندوستان کے سابق صدر ڈاکٹر سروپلی رادھاکرشنن کی سالگرہ کی یاد میں منایا جاتا ہے، میں تمام اساتذہ کو مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کرتاہوں۔انہوں نے کہاکہ ٹیچرز ڈے ایک ایسا موقع ہے جب ہم اپنی قوم کے اساتذہ کی سرشار خدمات کا اعتراف کرتے ہیں جو ہمارے بچوں کی فکری اور اخلاقی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اپنی روایات میں ہم اساتذہ کو دیوتا کے برابرسمجھتے ہیں۔صدر نے کہا کووڈعالمی وبا کے دوران اساتذہ کے کام کرنے کے انداز میں بھی بڑی تبدیلی آئی ہے۔ لاک ڈاؤن کے دوران ہمارے اساتذہ نے تعلیم کے آن لائن طریقوں کے ہر چیلنج کو قبول کیا اور طلباء کی ہموار تعلیم کیلئے مضبوط اقدامات کیے۔مسٹر کووند نے کہاکہ اس موقع پر، ہم سب ایک مضبوط اور خوشحال ملک کی تعمیر میں بیش قیمت تعاون کیلئے پوری ٹیچنگ برادری کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔